Friday 1 November 2013

احادیث

 شروع اللہ کے نام سے جو بڑا مہربان نہایت رحم والا ہے

حضرت ابو امامہ رضی اللہ تعالی عنہ روایت ہے کے رسول الله صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا مسواک کیا کرو اِس لیے کے مسواک منه کو صاف کرنے والی اور پروردگار کو راضی کرنے والی ہے . جب بھی میرے پاس جبرائیل آئے مجھے مسواک کا کہا حتی کے مجھے اندیشہ ہوا کے مسواک مجھ پر اور میری امت پر فرض ہو جائے گی اور اگر مجھے اپنی امت پر مشقت کا خوف نہ ہوتا تو میں مسواک کو اپنی امت پر فرض کر دیتا اور میں اتنا مسواک کرتا ہوں کے مجھے خطرہ ہونے لگتا ہے کہیں میرے مسوڑھے چھل نہ جائیں .
   (سنن ابن ماجہ: جلد اول: حدیث: 289، حدیث مرفوع، مکر رات 3)


 سیدنا جابر رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں میرے باپ کی شہادت کے بعد میں رونے لگا اور ابا کے منہ سے کپڑا ہٹا ہٹا کر بار بار ان کے چہرے کو دیکھ رہا تھا۔ صحابہ مجھے منع کرتے تھے لیکن رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم خاموش تھے پھر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا جابر رو مت جب تک تیرے والد کو اٹھایا نہیں گیا فرشتے اپنے پروں سے اس پر سایہ کئے ہوئے ہیں، سیدنا جابر رضی اللہ تعالیٰ عنہ فرماتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم فرمانے لگے جابر کیا بات ہے کہ تم مجھے غمگین نظر آتے ہو؟ میں نے کہا یا رسول اللہ میرے والد شہید ہو گئے جن پر بار قرض بہت ہے اور میرے چھوٹے چھوٹے بہن بھائی بہت ہیں آپ نے فرمایا سن میں تجھے بتاؤں جس کسی سے اللہ نے کلام کیا پردے کے پیچھے سے کلام کیا لیکن تیرے باپ سے آمنے سامنے بات چیت کی فرمایا مجھ سے مانگ جو مانگے گا دوں گا (سبحان اللہ) تیرے باپ نے کہا اللہ عزوجل میں تجھ سے یہ مانگتا ہوں کہ تو مجھے دنیا میں دوبارہ بھیجے اور میں تیری راہ میں دوسری مرتبہ شہید کیا جاؤں، رب عزوجل نے فرمایا یہ بات تو میں پہلے ہی مقرر کر چکا ہوں کہ کوئی بھی لوٹ کر دوبارہ دنیا میں نہیں جائے گا۔ کہنے لگے پھر اے اللہ میرے بعد والوں کو ان مراتب کی خبر پہنچا دی جائے چنانچہ اللہ تعالیٰ نے آیت (ولا تحسبن) الخ، فرمائی۔


ہم سے ابو الیمان نے حدیث(شریف) بیان کی،ان کو شعیب نے،ان کو ابوالزناد نے اعرج سے انہوں نے حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے نقل کی کہ بے شک رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا قسم ہے اس ذات کی جس کے ہاتھ میں میری جان ہے ۔تم میں سے کوئی بھی ایماندار نہ ہو گا جب تک میں اس کے والداور اولاد سے زیادہ اس کا محبوب نہ بن جاؤں۔ حدیث شریف 14،صفہ193،جلد1،بخاری شریف

حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ جناب رسول اللہ صلی اللہ علیہ نے فرمایا؛قسم اس کی جس کے ہاتھ میں محمد(صلی اللہ علیہ وسلم ) کی جان ہے۔ایک زمانہ ایسا آئے گاجب تم مجھ کو دیکھ نہ سکو گے ،اور میرا دیکھنا تم کو تمہارے بال بچوں اور مال سے زیادہ عزیز ہو گا(اس لئے میری صحبت غنیمت سمجھو ،زندگی کا اعتبار نہیں اور دین کی باتیں جلد سیکھ لو۔
(حدیث شریف 6129،صفہ 57،جلد6،مسلم شریف )


حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ جناب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ؛اللہ تعالیٰ کسی مومن پر ایک نیکی کے لئے بھی ظلم نہ کرے گا ۔اس کا بدلہ دنیا میں دے گا اور آخرت میں بھی دے گا،اور کافر کو اس کی نیکیوں کا بدلہ دنیا میں دیا جاتا ہے یہاں تک کہ جب آخرت ہوگی تو اس کے پاس کوئی نیکی نہ رہے گی جس کا وہ بدلہ دیا جاوے۔ حدیث شریف 7089،صفہ 366،جلد 6،مسلم شریف

0 comments:

اگر ممکن ہے تو اپنا تبصرہ تحریر کریں

اہم اطلاع :- غیر متعلق,غیر اخلاقی اور ذاتیات پر مبنی تبصرہ سے پرہیز کیجئے, مصنف ایسا تبصرہ حذف کرنے کا حق رکھتا ہے نیز مصنف کا مبصر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

Archive

Blog Archive